green coffee sabz coffee kay beech kay anokhey faidey

شاعر کہتا ہے:

نیند آئی نہ رات بھی مجھ کو
خواب بیٹھے رہے قطاروں میں
اور
ہم نیند کے شوقین تو نہیں لیکن
کچھ خواب نہ دیکھیں تو گزارا نہیں ہوتا

ہماری شاعری میں، ہمارے ادب میں نیند پر اور خوابوں پر بہت زیادہ زور دیا گیا ہے۔ آپ خواب دیکھیں نہ دیکھیں لیکن ہماری میڈیکل سائنس میں بھی ہر بالغ مرد و و عورت کو چوبیس گھنٹوں میں کم از کم آٹھ گھنٹوں کی نیند تو لینی ہی چاہیے۔ لیکن اگر نیند حد سے زیادہ آنے لگے تو پھر نیند بھگانے والی چیزوں جیسے چائے اور کافی کا استعمال ضروری ہو جاتا ہے۔

آج ہم آپ کو کافی کے ایسے فائدے کے بارے میں بتائیں گے جس کے بارے میں بہت کم لوگ جانتے ہیں مگر اس کے لئے آپ کو پکی ہوئی کافی نہیں بلکہ کچی، یا ہری کافی کے بیج یا بینز استعمال کرنے ہوتے ہیں۔

یہاں ہماری مراد ہے گرین کافی بینز جو آسان لفظوں میں کافی کے کچے بیج ہوتے ہیں۔ ان روسٹد یا بغیر پکے ہوئے جس کی وجہ سے ان کے ہماری صحت پر اثرات اور خاص طور پر وزن کم کرنے کی صلاحیت کئی گنا بڑھ جاتی ہے۔ اور یہ بات ریسرچ سے بھی ثابت ہے۔ کم از کم پانچ ایسی اسٹڈیز ہیں جن میں گرین کافی بینز کے صحت کے حوالے سے بے شمار فائدوں اور وزن کم کرنے کی خصوصیت کو واضح کیا گیا ہے۔

گرین کافی کا وہ خاص جزو جو وزن کم کرنے میں مدد دیتا ہے ، اس کا نام ہے کلوروجینک ایسڈ۔ یہ نہ صرف آپ کی بھوک کم کرتا ہے جس سے آپ کم کھاتے ہیں بلکہ آپ کے خون میں چکنائی کو قابو رکھنے میں بھی مددگار ہے۔ اس کے علاوہ یہ اینٹی آکیسیڈنٹ بھی ہے ، سو آپ کو وقت سے پہلے بوڑھا ہونے سے بھی بچاتا ہے۔ اور بہت سی دوسری بیماریوں جیسے زیابیطس، کینسر اور جگر کی بیماری کے خلاف بھی اس کا بہت اہم کردار ہے۔

ریسرچ کے مطابق باقاعدگی سے گرین کافی ڈرنک کا استعمال اگر صحت مندانہ ڈائٹ پلان اور ورزش کے ساتھ ہو تو اس سے اوسطا ً دس سے پندرہ کلو گرام وزن ایک سے دو مہینوں میں کم کیا جا سکتا ہے۔ آزمائش شرط ہے۔

سوال یہ ہے کہ گرین کافی ویٹ لاس ڈرنک یا سادہ لفظوں میں گرین کافی کیسے بنانی ہے۔ سب سے پہلے چار کھانے کے چمچ گرین کافی بینز لیں۔ یاد رہے کہ یہ کچے یعنی بغیر پکے ہوئے ہونے چاہئیں۔ اور بہتر ہے کہ ڈی کیفینیٹد یعنی بغیر کیفین کے ہوں تاہم اگر ایسا ممکن نہ ہو تو کیفین والے بینز بھی استعمال کر سکتے ہیں۔

اب ان کو گرائینڈر میں ڈال دیں اور پانچ منٹ تک گرائینڈ کر کے پاوڈر بنا لیں۔ یاد رکھیں بہت سخت ہونے کی وجہ سے یہ مکمل طور پر نہیں پس سکیں گے مگر اس میں کوئی مسئلہ نہیں۔ اب ان میں سے ایک ٹبیل سپون کافی بین پاوڈر لیں اور پیالے یا دیگچی میں موجود ایک سو پچاس ملی لٹر کھولتے ہوئے گرم پانی جو ابلنے سے ذرا پہلے ہوتا ہے ، میں ڈال دیں اور دس منٹ تک رہنے دیں۔

اب اسے چھان کر ایک دوسرے کپ میں ڈال لیں اور ذائقہ بڑھانے کے لئے دار چینی ڈال کر استعمال کریں۔ یاد رہے آپ کو کسی قسم کا میٹھا یا آرٹیفیشل سوئیٹنر بالکل بھی نہیں ڈالنا ہے۔

لیجیے۔ آپ کا وزن گھٹانے کے لئے شاندار گرین کافی تیار ہے۔

اسے آپ دن میں تین بار لے سکتے ہیں، کھانے سے کم از کم آدھا گھنٹا پہلے تاکہ آپ اس سے وزن کم کرنے میں بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔ اگر کسی وجہ سے آپ یہ ڈرنک نہ لینا چاہیں تو دوسرا آپشن ہے گرین کافی سپلیمنٹ استعمال کرنے کا۔ تاہم جعلی برانڈز سے ہوشیار رہیں اور کسی مستند وزن کم کرنے کے ماہر سے اس کی تصدیق ضرور کروا لیں۔ ساتھ ہی اگر آپ حاملہ ہیں یا پہلے سے کسی بیماری کا شکار ہیں تو گرین کافی بین کے استعمال سے پہلے اپنے ڈاکٹر سے ضرور مشورہ کریں۔