کچھ درد، کچھ تکلیفیں ایسی بھی ہوتی ہیں جب درد و بال بن جاتا ہے اور خاص طور پر ایسا درد کہ جس کی وجہ سے زندگی پھولوں کی سیج سے کانٹوں کے بستر میں بدل جائے۔ اور ایسا اس وقت اکثر ہوتا ہے جب ہماری پور پور اور جوڑ جوڑ میں درد شروع ہو جائے۔
جی ہاں، آج ہم بات کریں گے جوڑوں کے درد کی جس کی سب سے عام وجہ ہے آسٹیو آرتھرائیٹس۔ یعنی۔ آسان اور سلیس زبان میں جوڑوں کی سوزش اور ورم۔
یوں تو آرتھرائیٹس کا مرض کئی طرح کا ہو سکتا ہے لیکن ہمارے معاشرے میں، خصوصاً پاکستان میں دو طرح کا آرتھرائیٹس سب زیادہ پایا جاتا ہے۔
1۔ آسٹیو آرتھرائیٹس (جسے عام طور پر جوڑوں کا مرض کہا جاتا ہے )
2۔ رہیومیٹوائڈ آرتھرائیٹس (جسے اردو میں جوڑوں کا پتھرانا بھی کہتے ہیں )
یہاں یہ یاد رہے کہ جب ہم عام طور پر کسی کو کہتے ہیں کہ فلاں کو جوڑوں کی پرانی بیماری یا مرض ہے، تو زیادہ تر اس سے مراد آسٹیو آرتھرائیٹس ہی ہوتا ہے کیونکہ یہ دنیا بھر میں آرتھرائیٹس کی سب سے زیادہ پائی جانے والی، یعنی کامن قسم ہے۔
آسٹیو آرتھرائیٹس ایک وئیر اینڈ ٹیئر والی بیماری ہے یعنی جس طرح گاڑی کو بار بار ناہموار راستوں پر سے گزارنے کی وجہ سے اس کے شاک ایبزاربر، اس کے سسپنشن گھس جاتے ہیں، ختم ہو جاتے ہیں، بالکل اسی طرح عمر کے ساتھ ساتھ، ہمارے جوڑوں کے سسپنشن جنھیں آپ کری ہڈی یا انگریزی میں کارٹیلیج بھی کہتے ہیں، وہ بھی آہستہ آہستہ پرانی ہو کر ختم ہو جاتی ہے۔ نتیجے کے طور پر ہماری ہڈیاں، ہمارے جوڑوں کے مقام پر آپس میں رگڑ کھانے لگتی ہیں، سو ہمارے جوڑوں سے آواز آنی شروع ہوتی ہے، ہمیں حرکت میں تکلیف ہوتی ہے، اور یہی تکلیف آٓگے بڑھ کر جوڑوں کے ورم اور سوزش میں بدل جاتی ہے جسے ہم آسٹیو آرتھرائیٹس کا نام دیتے ہیں۔
اب سوال ہے یہ کہ کون سے لوگ اس کے زیادہ رسک پر ہوتے ہیں؟
یہ بیماری عمر کے ساتھ ساتھ زیادہ ہوتی ہے چنانچہ وہ لوگ اس کے زیادہ رسک پر ہوتے ہیں جن کا وزن زیادہ ہو، یا وہ موٹاپے کا شکار ہوں۔
اس کے علاوہ عمرکے ساتھ اوسٹیوآرتھرائیٹس کا خطرہ بڑھتا ہے اور یہ بیماری چالیس سال کے بعد بہت زیادہ عام پائی جاتی ہے۔
اسی طرح خواتین مردوں کے مقابلے میں اوسٹیوآرتھرائیٹس کے زیادہ رسک پر ہوتی ہیں۔ ، بلکہ دوگنے رسک پر ہوتی ہیں۔ یعنی خواتین میں آسٹیو ہونے کا چانس مردوں کے مقابلے میں دوگنا زیادہ ہوتا ہے
اور پھر اگر آپ کے خاندان میں کسی فرد کواوسٹیوآرتھرائیٹس (جوڑوں کا مرض) ہے تو آپ کو اوسٹیوآرتھرائیٹس ہونے کا امکان زیادہ ہے یعنی فیملی ہسٹری بھی ایک رسک ہے۔
اسی طرح اگر آپ کی طرز زندگی میں حرکت اور ورزش زیادہ شامل نہیں اور آپ اپنا زیادہ وقت لیٹ کر یا بیٹھ کر گزارتے ہیں، تب بھی آپ اس مرض کے زیادہ رسک پر ہیں۔
ہمارے جسم کے کون سے مقامات یا جوڑ ہیں جو۔ آسٹیو آرتھرائیٹس سے سب سے زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں؟
آسٹیو آرتھرائیٹس سب سے زیادہ ہمارے گھٹنوں، ہاتھوں کی انگلیوں، کندھوں، کولہوں اور پیروں کو متاثر کرتا ہے۔
آسٹیو آرتھرائیٹس کی علامات:
آسٹیو آرتھرائیٹس کی علامات میں جوڑوں میں درد جو عام طور پر رات میں زیادہ بڑھ جاتا ہے۔
جھکنے میں، ورزش کے دوران، سیڑھیاں چڑھنے میں رکاوٹ اور دقت
آرام کرنے کے بعد جوڑوں میں سختی
ہاتھوں اور پیروں کے جوڑوں کے اوپر چھوٹے چھوٹے گٹھے بھی بن جاتے ہیں۔
جوڑوں کے اوپر موجود جلد ہلکی گرم بھی ہو جاتی ہے، اور جوڑوں پر ہاتھ رکھنے سے بھی تکلیف ہوتی ہے۔
سو یہ وہ علامات ہیں جن سے، اور مریض کی کیس ہسٹری کی مدد سے ڈاکٹر یہ اندازہ لگا سکتا ہے کہ آٓپ کو کیا واقعی اوسٹیوآرتھرائیٹس ہے۔ اور اگر ہے تو پھر کون سی قسم کا ہے۔ لیکن یہ یاد رہے کہ کنفرم تشخیص ڈاکٹر بھی کچھ بلڈ ٹیسٹ اور ایکس رے کروانے کے بعد ہی کرتے ہیں۔
ڈاکٹر اکثر ”نی ری پلیسمنٹ“ یعنی گھٹنے بدلوانے کا مشورہ دیتے ہیں۔ کیا یہ علاج مناسب ہے؟
جی آج کل یہ طریقہ علاج بہت تیزی سے مقبول ہو رہا ہے۔ بنیادی طور پر سرجن کے پاس آرتھرائیٹس کے مسئلے کے حل کے لئے کم از کم تین سے چار طریقے ہوتے ہیں، دواؤں یعنی میڈیکل ٹریٹمنٹ کے علاوہ۔ جیسے آپ اپنے جوڑوں کی سطحیں ہموار کرنے، یا کرکری ہڈی کو بحال کرنے (جس کو آرتھرواسکوپی کہا جاتا ہے ) کے لئے جراحت کروا سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ آپ اپنے پورے جوڑ کو تبدیل کرنے کے لئے بھی سرجری کروا سکتے ہیں اور اس کو ہی نی ری پلیسمنٹ کہا جاتا ہے۔ کولہے اور گھٹنے کے جوڑوں کو تبدیل کرنے کے لئے عام طور پر آرتھروپلاسٹی کا استعمال ہوتا ہے۔ آپ کا سرجن آپ کے متاثرہ جوڑ کو نکال دے گا اور اس کی جگہ پر خصوصی پلاسٹک اور میٹل سے بنے ہوئے مصنوعی جوڑ (پروستھیسس) لگائے گا۔
تیسرا طریقہ ہوتا ہے آٓرتھرو ڈیسس یعنی آپ اپنے جوڑ کو اس کی جگہ پر لانے کے لئے جراحت کروا سکتے ہیں۔ یہ اس وقت ہوتا ہے اگر آپ آرتھروپلاسٹی نہیں کروا سکتے ہیں تو، آپ کا سرجن آرتھروڈیسس آپریشن کا مشورہ دے سکتا ہے، جو آپ کے جوڑ کو اس کی مستقل جگہ پر بٹھا دیتا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ کے جوڑ قدرے مضبوط ہو جائیں گے اور ان میں درد کم ہو گا، حالانکہ اس کو مزید حرکت نہیں دے پائیں گے۔
کیا آرتھرائیٹس کا علاج گھر پر بھی ہو سکتا ہے؟
جی بالکل۔ گھر پر علاج میں ہم دو زاویوں پر خاص توجہ دیتے ہیں، ایک تو حرکت، یعنی ورزش، مساج وغیرہ اور دوسرے خوراک۔
پہلے بات کر لیتے ہیں ورزش کی۔
آرتھرائیٹس کا علاج کرنے میں ورزش بہت ہی اہم ہے۔ مستقل ورزش نہ صرف آپ کو فعال اور متحرک رکھے گی، بلکہ یہ آپ کے عضلات کو مستحکم رکھنے اور آپ کے جوڑوں کو مضبوطی عطا کرنے میں معاون ہو گی۔ آپ کا ڈاکٹر، یا فزیوتھراپسٹ آپ کی لئے ورزش کا منصوبہ دستیاب کرا سکتا ہے۔ اسی طرح اگر آپ کا وزن زیادہ ہے یا آپ موٹے ہیں تو ورزش کر کے اور صحت بخش غذاؤں کے ساتھ کوشش کریں۔ وزن زیادہ ہونے یا موٹے ہونے کی وجہ سے آپ کے جوڑوں پر اضافی بوجھ پڑتا ہے اور آپ کا مرض بگڑ بھی سکتا ہے،زیادہ بگڑ سکتا ہے
برتنوں کو ہاتھ سے دھونا بہت مفید ہے
اگر تو کسی کے ہاتھوں کے جوڑوں میں تکلیف ہے تو یہ سننے میں تو عجیب لگے گا مگر ہر باورچی خانے میں کیے جانے والا یہ عام سا کام درحقیقت اس تکلیف میں کمی لانے کا باعث بنتا ہے۔ سب سے پہلے تو اپنے ہاتھ گرم پانی میں کچھ دیر کے لیے ڈبو دیں تاکہ پٹھوں اور جوڑوں کو سکون ملے اور ان کی اکڑن کم ہو۔ اس کے بعد برتن دھولیں۔
جوڑوں کو گرم ٹھنڈے کا ٹریٹمنٹ دینا
آپ کو اس کے لیے دو پلاسٹک کے ڈبوں کی ضرورت ہو گی، ایک میں ٹھنڈا پانی اور کچھ آئس کیوبس بھر دیں جبکہ دوسرے میں ایسا گرم پانی ہو جس کا درجہ حرارت آپ چھونے پر برداشت کر سکیں۔ پہلے اپنے تکلیف دہ جوڑوں ٹھنڈے پانی والے ڈبے میں ایک منٹ کے لیے ڈبو دیں اور اس کے بعد تیس سیکنڈ تک گرم پانی والے ڈبے میں متاثرہ جگہ کو ڈبو دیں۔ اسی طرح ڈبوں کو پندرہ منٹ تک بدلتے رہیں، مگر ہر ڈبے میں تیس سیکنڈ تک ہی متاثرہ جگہ کو ڈبوئیں تاہم آخر میں اس کا اختتام ایک منٹ تک ٹھنڈے پانی والے ڈبے میں تکلیف میں مبتلا جگہ کو ڈبو کر کریں۔
ننگے پاؤں چہل قدمی
کسی گھاس والے مقام پر ننگے پاؤں چہل قدمی میں گھٹنوں کے درد میں بارہ فیصد تک کمی ہوتی ہے۔ ایک امریکی تحقیق کے مطابق کھلی فضاء میں کچھ دیر تک ننگے پاؤں گھومنا تکلیف میں کمی کا باعث بنتا ہے مگر اپنی ایڑیوں کو اوپر اٹھا کر یا پنجوں کے بل چلنے کی کوشش نہ کریں کیونکہ اس سے جوڑوں پر دباؤ مزید بڑھ جاتا ہے۔
اس کے علاوہ، نیم گرم پانی میں نمک ڈال کر نہانے والے ٹب میں کچھ دیر بیٹھیں، وزن اٹھانے سے اور سیڑھیاں چڑھنے سے پرہیز کریں، رات میں صحیح زاویے میں سوئیں، مناسب آرام کریں۔ سورج کی روشنی لینا اور نیم گرم زیتون کے تیل سے جوڑوں کا مساج بھی مفید ہو سکتا ہے۔
سب سے اہم بات یہ ہے کہ گھر میں متحرک رہیں اور ہلکی پھلکی فزیوتھراپی کرتے رہیں۔ فزیو تھراپی سے پہلے انگڑائی لے کر اپنے پٹھوں کو اچھی طرح متحرک کر لیں۔ وارم اپ ضرور کریں۔ ہڈیوں کے درد سے پٹھوں کی سوجن اور درد میں کمی لانے کے لیے کسی اچھی سی بام سے مساج کریں۔ موسم سرما میں بہت زیادہ احتیاط کی جائے، اور گھٹنوں اور جوڑوں پر گرم پٹی یا کوئی گرم کپڑا باندھ کر رکھا جائے۔
سو اس طرح درحقیقت کچھ غذائیں، ورزشیں اور گھریلو اشیاء آپ کے جوڑوں کے درد میں قدرتی طریقے سے نمایاں کمی لا سکتے ہیں جس کی طبی سائنس نے بھی تائید کی ہے۔