بہت سے لوگ چاکلیٹ کو بے حد پسند کرتے ہیں لیکن انہیں اسے بار بار کھانے سے موٹاپے کا ڈر بھی ہوتا ہے مگر آج ہم آپ کو ایسی چاکلیٹ کے بارے میں بتائیں گے جسے آپ روزانہ کھانے سے بھی موٹے نہیں ہوں گے۔ جی ہاں، ڈارک چاکلیٹ یعنی گہری چاکلیٹ کھانے سے آپ موٹاپے کا شکار بھی نہیں ہوں گے جب کہ اس کے بے شمار اور بھی فوائد بھی ہیں۔
ڈارک چاکلیٹ کا روزانہ استعمال آپ کو صحت مند بنا سکتا ہے، اس میں بے شمار غذائیت اور اینٹی آکسیڈینٹ پائے جاتے ہیں جو کہ آپ کے جسم کی حفاظت کر سکتے ہیں اور اس کو کھانے سے آپ بہتر صحت پا سکتے ہیں۔ آئیے ہم آپ کو بتائیں کہ روزانہ ڈارک چاکلیٹ کا استعمال کرنا آپ کی صحت کے لیے کتنا فائدے مند ہو سکتا ہے۔
ڈارک چاکلیٹ میں ایسی غذائیت ہوتی ہے جو خطرناک کولیسٹرول کی ایک قسم (ایل ڈی ایل) کو جسم میں جمع ہونے سے بچاتی ہے، وقت کے ساتھ انسان کے دل کی شریانوں میں یہ ایل ڈی ایل کولیسٹرول جمنا شروع ہو جاتا ہے جس سے دل کی بیماری کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ ہفتے میں کم از کم دو بار ڈارک چاکلیٹ کھانے سے شریانوں میں ’کیلسی فائڈ پلاک‘ جمنے کے خطرات میں بتیس فیصد کمی ہوتی ہے جب کہ اس سے زیادہ ڈارک چاکلیٹ کھانے سے دل کی بیماریوں کے خطرات میں ستاون فیصد تک کمی ہو سکتی ہے۔
ڈارک چاکلیٹ میں موجود اجزاء جسم میں خون کی روانی کو بھی بہتر بناتے ہیں۔ یہ دعویٰ پرتگال میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔ پولی ٹیکنیک انسٹیٹوٹ کی تحقیق میں بتایا گیا کہ روزانہ کچھ مقدار میں ڈارک چاکلیٹ کھانا ایک ماہ کے اندر بلڈپریشر کو کم کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔
تحقیق کے مطابق ڈارک چاکلیٹ اینٹی آکسائیڈنٹ فلیوینوئڈز سے زیادہ بھرپور ہوتی ہے جو خون کی شریانوں کی صحت بہتر بنانے میں مددگار جزء ہے۔ ماضی میں یہ بات سامنے آ چکی ہے کہ فلیونوئڈز سے بھرپور غذا انسولین کی مزاحمت کم کرنے سے لے کر جسمانی وزن کو کنٹرول کرنے میں مدد دیتی ہے۔ اس تحقیق میں دیکھا گیا کہ ڈارک چاکلیٹ کھانے کی عادت دل پر کس طرح اثرانداز ہوتی ہے اور اس مقصد کے لیے اٹھارہ سے ستائیس سال کے تیس صحت مند افراد کو ایک ماہ تک روزانہ بیس گرام چاکلیٹ کھلائی گئی۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ تمام رضاکاروں کا بلڈپریشر نمایاں حد تک بہتر ہوا مگر زیادہ ”کوکوا“ والی چاکلیٹ یعنی ڈارک چاکلیٹ کھانے والوں میں ڈرامائی حد تک بہتری دیکھنے میں آئی۔ یاد رہے کہ ڈارک چاکلیٹ اس چاکلیٹ کو کہتے ہیں جس میں کوکوا کی مقدار کم از کم ستر فیصد یا اس سے زیادہ ہو۔ یہ ذائقے میں تھوڑی ترش یا کڑوی ہوتی ہے۔
سو یہ بات اب ثابت ہو چکی ہے کہ ڈارک چاکلیٹ کھانا دل کی صحت کو بہتر بنانے کے لیے اہم ہو سکتا ہے اور کم عمری سے اس عادت کو اپنا لینا چاہیے۔ ڈارک چاکلیٹ غذائیت سے بھرپور ہوتی ہے۔ سو گرام ڈارک چاکلیٹ میں گیارہ گرام فائبر پایا جاتا ہے، اس کے علاوہ اس میں آئرن، میگنیشیم، پوٹاشیم، فاسفورس اور زنک بھی پایا جاتا ہے۔ اور یہ اینٹی آکسیڈینٹس سے بھی بھرپور ہوتی ہے یعنی آپ کو وقت سے پہلے بوڑھا ہونے سے روکنے میں مددگار ہو سکتی ہے۔
ڈارک چاکلیٹ دل اور خون کی روانی بہتر کرنے کے علاوہ دماغی صحت کے لیے بھی بے حد مفید ہے اور اس کا استعمال کرنے سے دماغ مضبوط ہوتا ہے اور اس کی کارکردگی مزید بہتر ہو جاتی ہے۔ سان ڈیاگو میں لوما لنڈا یونیورسٹی کے ایک ماہر پروفیسر لی ایس برک کے مطابق ڈارک چاکلیٹ یادداشت، موڈ، اور جسمانی دفاعی نظام کو بہتر کرتے ہوئے جسم کے اندر جلن (سوزش) کو بھی دور کرتی ہے۔ چاکلیٹ کے انسانی دل، گردوں اور یادداشتی نظام پر کی جانے والی یہ پہلی تحقیق بھی ہے جس سے معلوم ہوا کہ چاکلیٹ میں بہت سے مفید فلیوینوئیڈز پائے جاتے ہیں جو ہمارے جسم پر بہت مثبت اثرات مرتب کرتے ہیں۔
اس کے علاہ اگر آپ ڈائٹ پر ہیں اور وزن کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور اس کے باوجود آپ کا میٹھی چیزیں کھانے کا دل چاہے تو آپ ڈارک چاکلیٹ تھوڑی مقدار میں استعمال کر سکتے ہیں۔ سو یہ تھیں ڈارک چاکلیٹ کی کچھ بہترین اور آزمودہ خصوصیات۔
بیرون ملک ڈارک چاکلیٹ باآسانی مل جاتی ہے لیکن پاکستان میں خاص ڈارک چاکلیٹ تلاش کرنا مشکل ضرور لیکن ناممکن نہیں۔ اسے آپ بڑے سپر اسٹوروں یا آن لائن بھی خرید سکتے ہیں۔ سو آج ہی اس کا استعمال شروع کیجئے اور ہمیں یقین ہے آپ نتائج سے مایوس نہیں ہوں گے۔